معاشرے میں بگڑتے ہوئے حالات کی آگاہی میں سوشل میڈیا کا کردار بہت اہم ہے ،ْ نسیم راشد

سوشل میڈیا کو صرف وقت گزاری کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ اس کے ذریعے درست بیانیے کو فروغ دیا جائے ،ْ ضلع ملیر کی سوشل میڈیا ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 8 اگست 2025 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع ملیرکی ناظمہ نسیم راشد سوشل میڈیا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں تیزی سے بگڑتے ہوئے حالات کی آگاہی اور صحیح بیانیے کی طرف رہنمائی کے لئے سوشل میڈیا کا کردار بہت اہم ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم صرف اس کو ایک وقت گزاری کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ اس کے ذریعے درست بیانیے کو فروغ دیا جائے۔

اس موقع پر ناظمہ ضلع ملیر نے مدیحہ مقصوداورسعدیہ طاہر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے شرکاء خواتین کو ایپس کا تعارف کروایا اور ان کی مشکلات معلوم کیں انہوں نے ایکس،انسٹا،فیس بک کا استعمال اور کس طرح ہم ان ہتھیاروں سے گھر بیٹھ کر اپنی دعوت و تحریک کو پھیلا سکتے ہیں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صائمہ عاصم نائب نگراں نشرواشاعت نے کہا کہ اس وقت ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوامی دباؤ کے ذریعے حکومتوں کے غلط فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں اور میڈیا کے جہاد میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں اس وقت غزہ کی ماؤں ،بہنوں کے لئے مہم ''تمہارے لیی'' کو ہر سطح پر بلند کر سکتے ہیں۔

فلسطین کے لیے آواز کو بلند کریں اس کے علاوہ پاکستان میں توہین رسالت،ایل جی بی ٹی اور دیگر غیر اسلامی قوانین کی منظوری کے خلاف عوامی رائے کو ہموار کیا جائے۔ اس موقع پر ضلع ملیر نشرواشاعت ڈاکٹر حسین بانو،شعبہ تربیت شبانہ ثناء اللہ،مریم سراج،فرزانہ،سائرہ سعید،نگراں علاقہ جات آسیہ عابد،ارم نواز کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔