فرئیرہال میں تین روزہ فیملی فیسٹیول کا انعقاد، شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

ہفتہ 9 اگست 2025 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر منیجنگ ڈ ائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے ایگزیکٹو نے ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ شیخ کے ہمراہ گزشتہ رات فریئر ہال میں جاری تین روزہ فیملی فیسٹیول کا دورہ کیا۔ یہ فیسٹیول سندھ حکومت اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں 8 سے 10 اگست تک منعقد کی گئی ہیں۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے اس موقع پر کہا کہ یومِ آزادی خوشیوں کا دن ضرور ہے مگر یہ ہمارے لیے ایک یاد دہانی بھی ہے کہ ہم اپنے وطن کی خدمت کیسے کر سکتے ہیں۔ اسکے لیے ہمیں اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنے اور شجرکاری کو فروغ دینے کا عزم کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف عوام کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں بلکہ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

فیسٹیول میں داخلہ بالکل مفت ہے اور یہ تینوں روز شام کے اوقات میں عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ تقریب کا مقصد نہ صرف آزادی کی خوشیاں منانا ہے بلکہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا بھی ہے جن کے حوصلے اور قربانیوں کی وجہ سے ہمیں فتح حاصل ہوئی اس معرکہ حق کی کامیابی کا جشن ایک نئے عزم جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

فیریر ہال میں جاری فیملی فیسٹیول میں عوام کے لیے دلکش پروگرامز ترتیب دیے گئے ہیں جن میں میوزیکل نائٹس، قوالی کی محفل، بچوں کے لیے خصوصی تفریحی پروگرام، فوڈ اسٹالز، شاندار فائر ورکس، ملی نغمے شامل ہیں اس کے علاوہ عوام میں ماحول دوست طرزِ زندگی، صفائی کی اہمیت اور شجرکاری کے فروغ کے لیے شعور اجاگر کرنے کے لئے ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی ضلع جنوبی کی انٹرنیشنل ترکیہ کمپنی آئسس کی خصوصی ماحول دوست مہم کے ذریعے ''ایک پودا اپنائیں '' شامل ہے جہاں شہریوں کو ایک پودا مفت فراہم کیا جا رہاہے۔

اس مہم کے تحت شہریوں کو موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ پودا اپنائیں اور اس کی دیکھ بھال کا عہد کریں، تاکہ کراچی کو سرسبز و شاداب بنانے میں عملی کردار ادا کیا جا سکے۔اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پروگرام میں شرکت کی اور مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔علاوہ ازیں ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں 11 سے 13 اگست تک شاہراہِ قائدین پر ایک خوبصورت پکچر گیلری سجائی جائے گی، جس میں پاکستان کے ہیروز اور شہدا کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پرچم کشائی، ملی نغمے، فائر ورکس اور جشن آزادی سے متعلق سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی انہوں نیکہا کہ شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ آئیں، تقریبات سے لطف اندوز ہوں اور پودا لگا کر پاکستان کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔