معرکہ حق میں افواج نے بھارت کو بدترین شکست دی، خوشی میں پوری قوم آج جشن منا رہی ہے، شرجیل میمن

ہفتہ 9 اگست 2025 20:59

معرکہ حق میں افواج نے بھارت کو بدترین شکست دی، خوشی میں پوری قوم آج ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں جس طرح پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کو بدترین شکست دی، اس کی خوشی میں آج پوری قوم اپنا جشن منا رہی ہے۔اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جشنِ آزادی کے سلسلے میں کل حیدرآباد شہر میں حکومتِ سندھ اور عارف حبیب گروپ کی جانب سے ایک شاندار اور تاریخی پروگرام منعقد ہوا۔

اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر محکمہ? ثقافت، عارف حبیب گروپ اور آرٹس کونسل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ایک بیان میں سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یومِ آزادی کے سلسلے میں آج ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان کا ایک بڑا مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل سکھر میں بھی حکومتِ سندھ کی جانب سے ایک تاریخی پروگرام منعقد کیا جائے گا، اسی طرح 13 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں بھی جشنِ آزادی کے حوالے سے حکومتِ سندھ کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ہو گا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستانی قوم پہلی بار جشنِ آزادی کے سلسلے میں طویل تقریبات کا اہتمام کر رہی ہے۔ معرکہ? حق میں جس طرح پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کو بدترین شکست دی، اس کی خوشی میں آج پوری قوم اپنا جشن منا رہی ہے۔