کیل آرمی گراؤنڈ میں جشن آزادی ومعرکہ حق کی تقریب کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 22:31

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) جشن آزادی ومعرکہ حق تقریب کیل آرمی گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف سیکرٹری آزاد کشمیر(ر) لیفٹیننٹ خوشحال خان تھے جبکہ صدارت کمانڈر کیل برگیڈ محمد عمران ارشد چیمہ نے کی۔ اس موقع پر قومی وریاستی ترانے بھی بجائے گئے۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر(ر) فلائیٹ لیفٹیننٹ خوشحال خان نے32برگیڈ کیل کے زیر اہتمام معرکہ حق وجشن آزادی کے حوالے سے جاری سپورٹس فیسٹول کے پولو میچ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ پوری کشمیری عوام کو معرکہ حق کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں،نیلم کی عوام نے معرکہ حق میں پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کی بلا جواز دراندازی کا مقابلہ کیا اور دشمن کو دندان شکن جواب دیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیلم غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے ، نیلم کے عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی جارحیت کا بہادری سے ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر نقل مکانی نہیں کی۔ ہم آج کے دن کو پاک فوج کے شہداء اور لائن آف کنٹرول کے شہداء کے نام کرتے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پولو میچ کی افتتاحی تقریب میں کمانڈر 32برگیڈ محمد عمران ارشد چیمہ، ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ،ایس پی خواجہ صدیق، ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام نبی، ایم ایس ڈاکٹر محمد اشرف، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی کیل سردار امجد اقبال، ضلعی و تحصیل انتظامیہ و دیگر بھی موجود تھے۔کیل برگیڈ کے گراونڈ میں جاری پولو میچ میں مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔