شہبازشریف نے کبھی کسی کا دباؤ قبول نہیں کیا، چینی بحران کا مسئلہ جلد حل کر دیا جائےگا

وزیراعظم کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ شوگر مل مالکان اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، جب سرکاری وعسکری قیادت ایک پیج پر ہو تو بڑے سے بڑا ہدف بھی حاصل کرلیا جاتا ہے۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 اگست 2025 19:32

شہبازشریف نے کبھی کسی کا دباؤ قبول نہیں کیا، چینی بحران کا مسئلہ جلد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے گزشتہ روز لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ضمنی گروپ ''  لائنز آف مسلم لیگ ن '' کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کی ایک پُروقار تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی عوام کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے  اس دن کو بھرپور جوش و خروش سے منانے کی ترغیب دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں کہ آج سے 78 برس قبل ہمیں آزادی کا یہ دن نصیب ہوا۔ ہماری یہ آزادی ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، زندہ قومیں اپنے یومِ آزادی کو بھرپور جذبے سے مناتی ہیں اور ہمیں بھی اس دن کو اسی ولولے کے ساتھ منانا چاہیے۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب حکومت اس سال پورا مہینہ آزادی کا جشن منائے گے۔

(جاری ہے)

اس سال 14 اگست پر ہمیں دوہری خوشی منانی ہے۔ ایک جشنِ آزادی اور دوسرا ''معرکہ حق'' کی کامیابی۔ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہم نے آزادی حاصل کی، اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ '' معرکہ حق'' میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ سرکاری و عسکری قیادت ایک پیج پر ہو تو قوم بڑے سے بڑا ہدف بھی حاصل کر لیتی ہے۔

ہماری خوش قسمتی ہے کہ اس وقت ہمیں میاں شہباز شریف جیسی قومی قیادت اور جنرل عاصم منیر جیسی عسکری قیادت میسر ہے۔ اس جشن آزادی پر ہمیں  اپنی دونوں قیادتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ جب جب میاں نواز شریف کو موقع ملا، انہوں نے پاکستانی عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

پاکستان میں جتنے بھی میگا پراجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچے، وہ انہی کی بدولت مکمل ہوئے۔ عوامی مسائل پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ چینی کے بحران کا مسئلہ جلد وفاقی سطح پر حل کر دیا جائے گا۔ وزیر اعظم کو اس بات سے  کوئی فرق نہیں پڑتا کہ شوگر مل مالکان اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، میاں شہباز شریف نے ماضی میں کسی کا دباؤ قبول کیا ہے نا آ ئند ہ کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی 78 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، وزیر خزانہ پنجاب نے لائنز آف مسلم لیگ ن کے ممبران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔