بھارتی ایئرچیف کا 6پاکستانی طیارے مار گرانے کا مضحکہ خیز بیان بھارتی بوکھلاہٹ کا عکاس،کے ایم ایس

ہفتہ 9 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) آپریشن سندورمیں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارت اپنی خفت مٹانے کے لئے آئے روز نت نئے بیانات جاری کر رہا ہے جن سے اس کی بوکھلاہٹ ظاہرہوتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ایئرچیف نے اس جنگ کے کئی ماہ بعد 6پاکستانی طیارے مارگرانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا جو آپریشن سندورمیں اپنی ناکامی چھپانے کی مودی حکومت کی ایک اور مضحکہ خیز کوشش ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر چیف نے یہ مضحکہ خیز دعویٰ بنگلور میں ایک لیکچر کے دوران کیا۔بھارتی ایئرچیف نے دعوی کیا کہ بھارت نے پاکستان کے پانچ لڑاکا اورایک ریڈار طیارہ تباہ کیے۔یاد رہے کہ پاکستان کی طرف سے بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف خود بھارتی آرمی چیف بھی کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی ایئر چیف 3ماہ بعد جاگ گئے اور بغیر کسی ثبوت کے6 پاکستانی طیارے تباہ کرنے کا دعوی کردیا۔

بھارتی ایئرچیف نے دعوی کیا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی ایئر فیلڈز کو نشانہ بنا کر وہاں کھڑے طیاروں کو تباہ کیا۔بھارتی ایئر چیف نے تین ماہ بعد بغیر کسی ثبوت کے یہ دعویٰ کر کے اپنی ایئر فورس کی پیشہ ورانہ اہلیت پر مزید سوالات کھڑے کردیے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان نے 7 مئی کی فضائی جنگ کے فورا ًبعد ہی رافیل سمیت بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے کی تفصیلات سامنے رکھ دی تھیں جن کی تائید بھارتی میڈیا کی رپورٹس سے بھی ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کی کمیونیکیشن ہیک کر کے کاک پٹ میں ہوئی گفتگو تک بھی سنا دی تھی۔ کئی اہم ممالک اور غیر جانبدارعالمی اداروں نے بھارتی طیارے مارگرائے جانے اوراس جنگ میں بھارت کی عبرتناک شکست کی تصدیق کردی ہے۔ بھارت اپنی شرمندگی کو مٹانے کے لئے آئے روز جو بیانات دے رہا ہے ،اس سے پوری دنیا میں اس کی جگ ہنسائی ہوتی ہے اور اس کی ساکھ پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔