منشیات کی لت نہ صرف افراد بلکہ پورے معاشرے کے لیئے ایک المیہ ہے۔ ہمارا مقصد خضدار کے نوجوانون کو اس موذی مرض سے نجات دلانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 9 اگست 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر خضداریاسر اقبال دشتی نے شہریوں کی دیرینہ خواہش پورا کرنے کے لئیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ منشیات کی لت میں مبتلا افراد کی بحالی اور علاج کے لیئے خضدار میں ایک جدید ڈرگ ری ہیبلیٹیشن سینٹر کے قیام کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ یہ اقدام مقامی آبادی اور خصوصاً متاثرہ خاندانوں کے لیئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ اب منشیات کے عادی افراد کو سرکاری سطح پر علاج کی سہولت میسر ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اس منصوبے کے حوالے سے کہا کہ منشیات کی لت نہ صرف افراد بلکہ پورے معاشرے کے لیئے ایک المیہ ہے۔ ہمارا مقصد خضدار کے نوجوانوں اور متاثرہ افراد کو اس موذی مرض سے نجات دلانا اور انہیں صحت مند و فعال زندگی کی طرف واپس لانا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت ڈرگ سینٹر میں ڈیٹا کسیفیکیشن، نفسیاتی تھراپی، اور پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرامز فراہم کیئے جائیں گے، ڈرگ سینٹر میں طبی سہولیات، کاؤنسلنگ، اور نفسیاتی علاج کے پروگرامز شامل ہوں گے تاکہ عادی افراد کو مکمل بحالی کی طرف لے جایا جاسکے۔

مریض نہ صرف نشے سے چھٹکارا حاصل کریں بلکہ معاشرے میں باعزت مقام بھی حاصل کرسکیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر خضدار کے لیئے ایک تحفہ ثابت ہوگا۔ یہ منصوبہ نوجوانوں کو منشیات کی دلدل سے نکالنے اور ان کے مستقبل کو روشن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اس سینٹر کے جلد فعال ہونے کی توقع ہے۔

یہ منصوبہ نہ صرف خضدار بلکہ پورے بلوچستان کے لیئے ایک مثال بن سکتا ہے، جو منشیات کے خلاف جنگ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ماہرین کے مطابق، منشیات کی لت سے چھٹکارا پانے کے لیئے سرکاری سطح پر بحالی مراکز کا قیام ناگزیر ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم ( یو این او ڈی سی) کے مطابق، منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان معاشرتی و اقتصادی مسائل کو جنم دیتا ہے، اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیئے منظم حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے۔ خضدار کا یہ ڈرگ سینٹر اسی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔