حکومت جمہوریت کے استحکام اور معیشت کی بہتری کیلئے پرعزم ہے، رانا احسان افضل خان

ہفتہ 9 اگست 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے کہا ہے کہ حکومت جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ہفتہ کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر ذاتی مفادات کے لیے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کا الزام لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والی جماعت ہونے کے ناطے پی ٹی آئی کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نام تجویز کرنے کا حق حاصل ہے تاہم اگر پی ٹی آئی ایسا نہیں کرتی تو یہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش تصور کی جا ئے گی۔رانا احسان افضل خان نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سزا یافتہ اراکین کو ڈی سیٹ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کئی پی ٹی آئی اراکین کو 9 مئی کے مقدمات میں عدالتوں سے ریلیف مل چکا ہے، اس لیے کسی سیاسی بحران کا تاثر درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت جمہوری اصولوں کی پاسداری اور معیشت کی بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور قانونی دونوں راستے کھلے ہیں۔