مسلم کانفرنس خیبر پختونخواہ کے صدر خواجہ دلاور کا مرکزی سیکرٹریٹ راولپنڈی کا دورہ

مہاجرین کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں متحد ہے

اتوار 10 اگست 2025 15:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)مسلم کانفرنس صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدر خواجہ دلاور نے مسلم کانفرنس کے مرکزی سیکرٹریٹ راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مالیات سردار اجمل نکیالوی، سردار جلیل عباسی اور انچارج مرکزی سیکرٹریٹ رانا غلام حسین نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال اور حلقہ ایل اے 45 ویلی 6 کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خواجہ دلاور نے اس موقع پر کہا کہ مسلم کانفرنس آج بھی ریاست جموں و کشمیر کی سب سے بڑی اور مضبوط نظریاتی قوت ہے جو اپنے اسلاف کے مقدس مشن ظ ریاست کی مکمل آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق ظ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم کانفرنس ریاست جموں و کشمیر کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ''کشمیر بنے گا پاکستان'' ہمارا آخری اور حتمی نعرہ ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ دلاور نے کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر ریاست کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کے حقوق اور شناخت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی صفوں میں مہاجرین ہمیشہ سے کلیدی کردار ادا کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی پارٹی کی نظریاتی و سیاسی جدوجہد میں پیش پیش رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالف قوتیں مہاجرین کو تقسیم کرنے یا ان کے سیاسی کردار کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں مگر مسلم کانفرنس ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلم کانفرنس اس وقت قائد سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں ایک مضبوط اور منظم قوت کے طور پر موجود ہے۔ خواجہ دلاور کے مطابق، سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں پارٹی نہ صرف آزاد کشمیر میں بلکہ پاکستان اور بیرونِ ملک بسنے والے کشمیریوں میں بھی اپنی تنظیمی اور نظریاتی بنیاد کو مضبوط بنا رہی ہے۔

اس سلسلہ میں چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان کا دورہ اوورسیز کامیاب رہا خواجہ دلاور نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 کو اٹھائے گئے غیر آئینی اقدامات اور ریاست کی شناخت کو مٹانے کی سازشوں نے کشمیری عوام کے عزم کو مزید جلا بخشی ہے۔ مسلم کانفرنس اس جدوجہد میں صفِ اول میں کھڑی ہے اور ہر محاذ پر کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور فوج کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور یہ رشتہ اٹوٹ ہے۔ملاقات کے آخر میں شرکاء نے عہد کیا کہ مسلم کانفرنس اپنی جدوجہد کو تیز تر کرے گی، مہاجرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔