عرفان صدیقی نے پاکستانی طیارےگرانے کے بھارتی ایئر چیف کے دعویٰ کو مسترد کر دیا

اتوار 10 اگست 2025 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) سینیٹر مسلم لیگ (ن) عرفان صدیقی نے بھارت کی طرف سے پاکستان کے پانچ جیٹ طیارے مار گرانے کے بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ، بے بنیاد اور بے شرمی قرار دیا ہے ۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی دعویٰ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جھوٹ سے بھارت کی فوجی کامیابی کی جھوٹی تصویر کشی کرنے کے حوالہ سے بھارتی مایوسی عیاں ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طویل خاموشی کے بعد کیا گیا یہ بے بنیاد دعویٰ محض دنیا کو دھوکہ دینے اور غیر ضروری تناؤ کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔عرفان صدیقی نے بھارتی بیان کو مکمل طور پر من گھڑت، فریب پر مبنی اور ہندوستانی عوام اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک مایوس کن کوشش قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بھارت پوری دنیا کو اندھا اور بے خبر سمجھتا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ 95 دن گزرنے کے بعد بھی وزیراعظم مودی کی پارلیمنٹ میں طویل تقریر اور پاکستان کے واضح سرکاری موقف کے باوجود بھارتی فوجی قیادت کی طرف سے مکمل خاموشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اچانک بھارتی ایئر چیف نے سفید جھوٹ بولنے کا انتخاب کیا ہے جس سے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایئر چیف کا اچانک اور جھوٹا دعویٰ بھارت کو عالمی سطح پر مزید شرمندہ کرے گا اور اسے بین الاقوامی تضحیک کا نشانہ بھی بنا ئے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت بیرونی خطرات اور اندرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ثابت قدم اور متحد ہے اور ملکی مفادات کے ہر قیمت پر دفاع کے لیے پرعزم ہے۔