تحریکِ انصاف ملکی مفادات کے بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کو ترجیح دے رہی ہے، وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 10 اگست 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر الزام عائد کیا کہ وہ ملکی مفادات کے بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کو ترجیح دے رہی ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن انہیں یومِ آزادی کے علاوہ کوئی اور تاریخ کا انتخاب کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو پوری قوم جشن مناتی ہے۔

(جاری ہے)

اس دن افراتفری اور انتشار پھیلانا افسوسناک ہے اور ہماری روایات کے خلاف ہے۔5 اگست کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی تھی لیکن اپوزیشن نے قومی یکجہتی کے بجائے اپنی سیاسی مہم کو ترجیح دی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے تشدد کو ہوا دی اور ان کے حامیوں نے سرکاری عمارتوں اور تنصیبات پر حملے کیے،ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ثبوت اکٹھے کر لیے ہیں جن میں خفیہ ملاقاتوں کی ریکارڈنگز بھی شامل ہیں جن میں ’’انتشار پھیلانے کے خفیہ منصوبے‘‘ زیر بحث آئے۔