یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو متحد ہو کر امن، اخوت، محبت کے درس کو عام کرنے کا عہد کر نا ہو گا، حاجی اکرم انصاری

پیر 11 اگست 2025 13:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ڈویژنل صدر فیصل آباد حاجی محمد اکرم انصاری سابق ایم این اے نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو متحد ہو کر امن، اخوت، محبت کے درس کو عام کرنے کا عہد کر نا ہو گاجبکہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری و رہنما اصولوں پرعمل پیرا ہو کرتمام ملکی مسائل پرقابو پایا جا سکتا ہے۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی 14اگست کو یوم آزادی پروقار طریقہ سے منایا جائے گا۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیااسلئے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں نیزیوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت اورملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگاکیونکہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حصول پاکستان کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے پیارے وطن کے ساتھ اپنی وابستگی کو بے حد مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم ۱ٓزادی کے متبرک، مقدس و پر مسرت موقع پرشہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں آج ہم مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق ہر طرح کی ۱ٓزاد فضا میں اپنی زندگیاں بسرکر رہے ہیں۔