سارو گنگولی نے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کو واضح فیورٹ قرار دے دیا

آئی پی ایل کے بعد بھارتی ٹیم نے پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے اور اب وہ ایشیا کپ میں جائیں گے، وہ ایک بہت مضبوط سائیڈ ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 اگست 2025 12:01

سارو گنگولی نے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کو واضح فیورٹ قرار دے دیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اگست 2025ء ) سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم کو واضح فیورٹ قرار دے دیا۔
53 سالہ سارو گنگولی کا خیال ہے کہ ہندوستان آئندہ T20 ایشیا کپ کی ناقابل شکست ٹیم ہوگی۔ یہ ٹورنامنٹ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ 
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم اس وقت بریک پر ہے، آئی پی ایل کے بعد اس نے 5 ٹیسٹ میچ کھیلے اور اب وہ ایشیاء کپ میں جائیں گے وہ ایک بہت مضبوط سائیڈ ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم پہلے سے ہی ریڈبال میں غالب ہے اور وائٹ بال کے فارمیٹس میں اس سے بھی زیادہ مضبوط ہے، دبئی میں اچھی وکٹوں پر بھارت کو ہرانا بہت مشکل ہوگا۔ 
کوہلی اور روہت شرما کے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر سارو گنگولی نے کہا کہ میں نے اس کے بارے میں کچھ نہیں سنا ہے لہذا میں تبصرہ نہیں کر سکتا لیکن کارکردگی سب سے اہم ہے اگر وہ اچھا کھیل رہے ہیں تو انہیں جاری رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

کوہلی کا ون ڈے ریکارڈ شاندار ہے اور روہت کا بھی، دونوں وائٹ بال کرکٹ میں غیر معمولی رہے ہیں۔ 
یاد رہے کہ ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، ہانگ کانگ اور افغانستان شامل ہیں۔ 
پاکستان کا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف دبئی میں شیڈول ہے، اس کے بعد 14 ستمبر کو بھارت کے ساتھ ٹاکرا ہوگا، اور 17 ستمبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف آخری گروپ مرحلے کا میچ ہوگا۔ 
ایشیا کپ سے قبل پاکستان شارجہ میں سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں بھی شرکت کرے گا جس میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جو 29 اگست سے 7 ستمبر تک شیڈول ہیں۔