کراچی میں بڑی دہشتگردی کے لیے آئے فتنہ الخوارج کے 2دہشتگرد گرفتار

پیر 11 اگست 2025 14:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)کراچی کے علاقے منگھوپیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، وفاقی حساس ادارے اور مقامی پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے دو دہشت گردوں کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالوکیل اور اجمل کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان میں عسکری تربیت حاصل کرچکے ہیں اور انتہائی مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

حکام کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ سے ہے اور انہیں کراچی میں کسی بڑی کارروائی کے لیے بھیجا گیا تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کے مطابق ملزمان کو بعد میں ٹارگٹ فراہم کیا جانا تھا، تاہم بروقت آپریشن کے باعث ممکنہ سانحہ ٹل گیا۔حکام کے مطابق، گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاکہ ان کے نیٹ ورک اور مزید منصوبہ بندی سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔