وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن و پاکستان پیپلز پارٹی سول سیکرٹریٹ کے انچارج سید اقبال احمد شاہ سے پارٹی کے مختلف اضلاع کے رہنمائوں کی ملاقات

پیر 11 اگست 2025 17:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن و پاکستان پیپلز پارٹی سول سیکرٹریٹ کے انچارج سید اقبال احمد شاہ سے پارٹی کے مختلف اضلاع کے رہنمائوں نے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔سید اقبال احمد شاہ نے مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات صادر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے تدارک کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے بلاول بھٹو زرداری کے خصوصی احکامات پر عوام الناس اور پارٹی جیالوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں ، ہماری اولین کوشش ہے کہ عوام و خواص اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل ہوسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا کل اثاثہ اور سرمایہ اسکے ورکرز ہوتے ہیں جو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں ،پی پی کے نظریاتی جیالے اپنے مسائل کی نشاندہی کریں ، انہیں فوری طور پر حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل روئے کار لائیں گے ۔

(جاری ہے)

صوبے کے بلوچ، پشتون اور گرین بیلٹس سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات صادر کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن و پاکستان پیپلز پارٹی سول سیکرٹریٹ کے انچارج سید اقبال احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دور اندیشی کو سراہا کہ انہوں نے سید اقبال احمد شاہ کو سی ایم بلوچستان کا فوکل پرسن اور سول سیکرٹریٹ کا انچارج منتخب کرکے جیالوں کی سرپرستی فرمائی ، ہم بھی پختہ عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی کو مزید فعال و متحرک کرنے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔