اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، معاشی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے‘ متن

پیر 11 اگست 2025 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) پاکستان میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔ رکن پنجاب پنجاب اسمبلی سارہ احمد اور مہوش سلطانہ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فخر کے ساتھ 11اگست کو یومِ اقلیت مناتے ہیں، یوم اقلیت پاکستان کی مذہبی اور نسلی اقلیتوں کی قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی میں گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں ہے کہ آئین پاکستان میں درج ان کے حقوق، تحفظ اور مساوی حیثیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ دن قائداعظم محمد علی جناح کے 11اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی میں کیے گئے تاریخی خطاب کی یاد دلاتا ہے،قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے بارے میں فرمایا کہ آپ ریاست پاکستان میں آزاد ہیں، مزید فخر کے ساتھ اس امر کا اعتراف کرتے ہیں کہ اقلیتوں نے وطن کے ساتھ شانہ بشانہ ہر مشکل وقت میں قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘کے دوران پاکستان ایئر فورس کے فخر، مسیحی افسر فلائٹ لیفٹیننٹ کامران مسیح نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کر کے پوری قوم کو متاثر کیا، اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ہر شہری، خواہ وہ کسی بھی مذہب، نسل یا عقیدے سے تعلق رکھتا ہو، مکمل اور مساوی حقوق کا حقدار ہے۔

ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ پنجاب اور پاکستان میں اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، معاشی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔