پاکستان ہماری منزل ، مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے،سردار میراکبرخان

پیر 11 اگست 2025 22:15

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) آزاد حکومت کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری منزل ہے، پاکستان کا یوم آزادی کشمیری پوری دنیا میں بھر پور انداز میں منائیں گے، مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، پاکستان حاصل کرنے اور آزاد کشمیر کا یہ خطہ آزاد کروانے میں ہمارے اسلاف نے جانوں کے نذرانے پیش کئے، یوم آزادی کے موقع پر شہداء کی سر زمین باغ میں ایسا جشن ہو گا جو تاریخ یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جشن آزادی کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور متعلقین کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپورٹس سٹیڈیم میں 13اگست کو جشن آزادی کی مناسبت سے سٹالز لگائے جائیں گے، شام 6بجے سے تقریبات کا آغاز ہو گا جبکہ رات کو سپورٹس سٹیڈیم اور گیاری چوک، باغ شہر میں آتش بازی ہو گی جبکہ 14اگست کو مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ہو گی جہاں پر پرچم کشائی کی جائے گی ۔بعد ازاں موٹر سائیکل و جیپ ریلی بھی نکالی جائے گی جو لسڈنہ تک جائے گی۔