ایم کیو ایم کا طرزِ سیاست ہی سندھو دیش کے خواب کو خاک کر سکتا ہے، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی

پیر 11 اگست 2025 22:18

ایم کیو ایم کا طرزِ سیاست ہی سندھو دیش کے خواب کو خاک کر سکتا ہے، ڈاکٹرخالد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام بعنوان معرکہ حق ایام آزادی کی رنگا رنگ تقریبات شہر بھر میں منظم و مربوط انداز میں جاری جس میں عوام کی پرجوش انداز اور بڑی تعداد میں شرکت، بسلسلہ ایام آزادی اورنگی ٹان میں منعقدہ تقریب سے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پرتپاک و شاندار استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزادی خدا کا سب سے بڑا احسان ہے وارثان وطن کو ماہ آزادی مبارک ہو، 10مئی کو دس گنا بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر ہم ایک نئی امید جوش و ولولے اور خواب کے ساتھ ماہ آزادی منا رہے ہیں، یوم آزادی کے جشن کے ساتھ یوم شکریہ منایا جائے ان کا شکریہ ادا کیا جائے جن کے اجداد کی قربانی کی بدولت لوگوں نے آزادی کا مزہ چکھا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا پاکستان محض ایک زمین کا ٹکڑا نہیں ایک نظریے کا نام ہے، پاکستان کو بنانے سے لیکر بچانے کا فریضہ انجام دینے والے اورنگی ٹان کی گلیوں میں ملیں گے، ہم مشرقی پاکستان کو تو نہیں بچا سکے نظریہ پاکستان کو بچا کر لے آئے تو یہ ثابت ہوا کہ جو بنا سکتے ہیں وہی پاکستان کو چلا سکتے ہیں، اس قوم کا راستہ روکنے والے اب شکست کھا چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا طرزِ سیاست ہی سندھو دیش کے خواب کو خاک کر سکتا ہے، جو مردم شماری نہیں کروا سکتے وہ مردم شناسی بھی نہیں کرسکتے، ایم کیو ایم لسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی حمایت کرتی ہے کیا انگریزوں کے بنائے نظام کو قائم رکھنا ضروری ہی اس شہر کے لوگوں کی تعلیم و تربیت کا بندوست ہونا شروع ہوگیا ہے، مہاجر وہ قوم ہے جس نے انگریزوں سے اس خطے کو آزاد کروایا تھا ہم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایک نئی سیاسی جد و جہد کا آغاز ہو چکا جس میں عام آدمی تک حقیقی جمہوریت کے ثمرات پہنچانا ایم کیو ایم کی زمہ داری ہے، متحدہ قومی موومنٹ مہاجروں کے لئے کشتی نوح کے مانند ہے یہاں سے جانے والے کی اب کوئی واپسی ممکن نہیں ہوگی اب شخصیات کے بجائے قوم کے لئے جد و جہد ہوگی۔

(جاری ہے)

سید امین الحق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹان ایم کیو ایم کا گڑھ ہے، ایم کیو ایم اس پورے مہینے آزادی کا جشن بھرپور انداز سے منا رہی ہے، بدنصیبی سے ستتر سالوں سے ملک بنانے والے اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اورنگی ٹان والوں نے دو بار ہجرت کرکے اس سنت کو دوام بخشا، 10 مئی کو ہونے والا معرکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ قوم اور پاک افواج کا امتزاج پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بناتا ہے اور دنیا کو یہ باور کرواتا ہے کہ ہم امن دوست اور جارحیت دشمن قوم ہیں، قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پورے مہینے کو آزادی کا جشن منا رہی ہے جس کی وجہ دشمن کو وہ دندان شکن جواب ہے جو مئی کے مہینے میں پاکستانی قوم نے اپنی افواج کے ہمراہ اپنے سے دس گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دے کر دیا، یہاں بیٹھا ہزاروں کا مجمع یہ ثابت کر رہا ہے ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔

حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی، اعجاز الحق، مظاہر امیر اور نصیر احمد نے بھی گفتگو کی، اس موقع پر اراکینِ مرکزی کمیٹی، جوائنٹ انچارج سی او سی و کمیٹی، حق پرست اراکینِ اسمبلی سمیت ٹان اور یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان، علاقہ عمائدین و معززین اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔