قوم 14 اگست کو آزادی کا جشن منائے گی،فتنہ گروہ شرانگیزی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے‘ عظمیٰ بخاری

پیر 11 اگست 2025 22:28

قوم 14 اگست کو آزادی کا جشن منائے گی،فتنہ گروہ شرانگیزی کی منصوبہ بندی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ قوم 14اگست کو یومِ آزادی اور آپریشن بنیان و مرصوص کی کامیابی پر بھرپور جوش و خروش سے جشن منائے گی جبکہ فتنہ پارٹی شرپسندی اور انتشار پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،یہ بدقسمتی ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ ہر قومی دن کو سیاست کی نذر کر دیتا ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ قومی دن پر احتجاج کرنا کسی محبِ وطن جماعت کا ایجنڈا نہیں ہو سکتا۔ یہ وہی 2014 کے دھرنوں کی پیداوار جماعت ہے جس نے احتجاج اور دھرنوں کو اپنا مشغلہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت کے نزدیک نہ کوئی قومی دن محترم ہے اور نہ ہی کوئی مذہبی تہوار۔وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں 5 اگست کو بھی کوئی احتجاجی ریلا باہر نہیں آیا تھا اور اب بھی عوام ان کے ساتھ نہیں نکلیں گے، کیونکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام اس منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔عظمی بخاری نے پی ٹی آئی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ 14 اگست کے روز کا احتجاج ملتوی کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی تو حب الوطنی کا مظاہرہ کر لیں، اگر واقعی پاکستانیت اور انسانیت کا کوئی جذبہ باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیدی نمبر 420 کی ہر بات پر لبیک کہنے والا ٹولہ جہالت کی آخری حدوں کو چھو چکا ہے، مگر قوم اب ان کی اصلیت جان چکی ہے اور اس سیاست کو مسترد کر چکی ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عوام کی خوشیوں کو خراب کرنے کی اجازت کسی فسادی ٹولے کو نہیں دی جائے گی۔ 14 اگست کو ملک بھر میں پرامن اور متحد پاکستان کا پیغام جائے گا، جبکہ فتنہ پرور عناصر ایک بار پھر ناکام ہوں گے۔