پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر بینک الفلاح اور داؤد فاؤنڈیشن کا نوجوانوں کے لیے مالیاتی آگاہی کی نمائش کا آغاز

پیر 11 اگست 2025 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء)بینک الفلاح نے داؤدفاؤنڈیشن کے میگنی فائی سائنس سینٹر (ایم ایس سی) کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے ایک منفرد اور اپنی نوعیت کی پہلی''منی میٹرز'' انٹرایکٹو نمائش کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو پیسے کے انتظام کی ضروری مہارت سکھانے میں مدد کرنا ہے۔یہ نمائش ایم ایس سی کی دوسری منزل پر ریاضی سیکشن میں منعقد کی گئی ہے، جہاں نئی منی میٹرز کی تھیم سے ذاتی فنانس کو دلچسپ اور کھیل کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

بچے اور نوجوان بجٹ بنانے، بچت کرنے، خرچ کرنے اور سرمایہ کاری کرنے جیسے موضوعات کو کھیلوں پر مبنی تجربات کے ذریعے سیکھ سکتے ہیں، نمائش میں آرکیڈ اسٹائل اے ٹی ایم، پیسے کی تاریخ بارٹر سسٹم سے بٹ کوائن تک کا واک تھرو، اور عملی سرگرمیاں شامل ہیں جو پیچیدہ مالی تصورات کو آسان بناتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بینک الفلاح کے صدر اور سی ای او عاطف باجوہ نے کہا کہ ''ہمارا مقصد اگلی نسل کے لیے مالیاتی آگاہی کو ایک فطری عادت بنانا ہے۔

داؤد فاؤنڈیشن کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے ہم نوجوان ذہنوں کو ایک ایسا تجربہ فراہم کر رہے ہیں جو زندگی کے آغاز میں ہی بہتر اور ہوشیار فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کرے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ طریقہ نئی نسل کو تیزی سے بدلتی ہوئی مالی دنیا میں اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنے کے قابل بنائے گا۔''داو?د فاؤنڈیشن کی وائس چیئر سبینہ داو?د نے کہا کہ ''میگنی فائی سائنس سینٹر میں بینک الفلاح کے تعاون سے تیار کی گئی 'منی میٹرز' نمائش مالیاتی آگاہی کیلئے ایک متحرک تعارف فراہم کرتی ہے، جو ہر عمر کے افراد بالخصوص نوجوانوں کو کمانے، خرچ کرنے اور بچت کے بارے میں تنقیدی سوچ پیدا کرنے کا موقع دیتی ہے۔

یہ بامعنی اقدام بینک کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ مالی طور پر باشعور اور ذمہ دار کمیونٹیز تشکیل دے۔''یہ منصوبہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مالی شمولیت کے ایجنڈے اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs)، بالخصوص ہدف 4 معیاری تعلیم اور ہدف 17 مقاصد کے لیے شراکت داری کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ یہ بینک الفلاح کے پائیدار کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے عزم کی بھی نمائندگی کرتا ہے، جس میں تعلیم، مالی و ڈیجیٹل شمولیت، اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔یہ نمائش عوام کے لیے کھول دی گئی ہے اور ایم ایس سی کی تعلیمی پیشکش کا مستقل حصہ رہے گی۔