خیبرپختونخوااسمبلی میں مخصوص نشستوں پر آنیوالی خواتین ایک بارپھرسراپااحتجاج

پیر 11 اگست 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں مخصوص نشستوں پر آنیوالی خواتین ایک بارپھرسراپااحتجاج بن گئیں ۔پیر کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران حکومتی رکن عدیل خان نے جب ریزروسیٹس پر آنیوالی خواتین کونشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ سیٹیں آپ کو خیرات میں ملی ہیں اورخواتین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شعر کہاکہ ہرشاخ پر الوبیٹھاہے جس پر ایوان میں موجود اپوزیشن کی خواتین اپنی نشستوں پر کھڑی ہوگئیں اور نعرہ بازی کرتے ہوئے شورشرابہ شروع کیا ،جس سے ایوان میں آوازسنائی نہیں دے رہی تھی ،اس دوران پینل آف چیئرمین میاں عمر خواتین کو باربارچپ کراتے رہے تاہم خواتین نے وقفے وقفے سے اپنااحتجاج ریکارڈ کرایا۔

اس موقع پرایم پی اے خدیجہ بی بی نے کہاکہ اسمبلی میں عجیب وغریب ماحول بناہوا ہے ،یہ لوگ ایوان کی 26خواتین سے خوف محسوس کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ثوبیہ شاہد نے کہاکہ حکومت جماعت کے پاس نشان نہیں تھا ،اس لئے مخصوص نشستیں انہیں نہیں ملیں ،ہماری جماعت نے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن لڑا ،اگرکسی بھی جماعت کا ایک ممبربھی کامیاب ہوتا تب بھی مخصوص نشستیں اسے ملتیں۔

پی پی رکن اشبرجدون نے کہاکہ خیبرپختونخوااسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کو مہذب اندازسے چلایا،آج ہماری طرف اشارہ کرکے شعرپڑھنانامناسب وغیراخلاقی تھا ۔سپیکربابرسلیم سواتی نے کہاکہ ہم نے خوش دلی کے ساتھ خواتین کو ویلکم کیا،یہ ایوان پوری آبادی کی نمائندگی کرتاہے ،ایوان میں سنجیدگی سے بات ہونی چاہئے ،ایک دوسرے کااحترام ضروری ہے ،پاکستان میں جمہوریت ہمیشہ مقتدرقوتوں کے ہاتھ میں رہی ہے ،ہم خودکوتوانااسی وقت کرسکتے ہیں جب ایک دوسرے کی بات تحمل کے ساتھ سنیں گے۔