ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت یومِ آزادی کی تیاریوں اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد

پیر 11 اگست 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی زیر صدارت یومِ آزادی کی تیاریوں اور سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر میونسپل کارپوریشن کے چیف افیسر محمد صالح جاموٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عابد حسین بلوچ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر رفیق احمد ساسولی پرنسپل ڈگری کالج خضدار پرنسپل گریز کالج خضداز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر فیمیل کے علاؤہ ایف سی اور دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 14 اگست کو قومی اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ باقی اضلاع کی طرح ضلع خضدار میں پرچم کشائی، قومی ترانہ، اسپورٹس ایونٹس، ثقافتی پروگرام اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح اسکولوں میں بھی یومِ آزادی کی مناسبت سے تقریبات منعقد ہوں گی۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جشن آزادی کے تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ 14 اگست کے دن صبح سائرن بجا کر ایک منٹ کے لیے ٹریفک روک دی جائے گی جبکہ سول سوسائٹی اور مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ یوم آزادی کی تقریبات سے قبل پولیس اور سول ڈیفنس کا عملہ تقریبات کے مقامات پر سویپنگ اور سرچنگ کرے گا جبکہ پولیس اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے کہا ہے کہ 14 اگست پاکستان کی تاریخ کا وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے بے شمار قربانیوں کے بعد آزادی حاصل کی۔ یہ دن نہ صرف ہماری قومی خودمختاری کی یاد دہانی کراتا ہے بلکہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو حب الوطنی، قربانی اور یکجہتی کا درس دینے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی حفاظت کے لیے اتحاد، محنت اور دیانتداری لازمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان اور بالخصوص ضلع خصدار کے عوام ہر سال یہ دن قومی جوش و خروش سے مناتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری قوم اپنے ماضی کی قربانیوں کو نہیں بھولی۔ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے تمام ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ یوم آزادی کے موقع پر سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کریں انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خضدار میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات، قومی ترانوں کی گونج، طلبہ کے ملی نغمے اور آزادی کی یادگار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کے جائیں۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور اس کے ثمرات کو عوام تک پہنچانے کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا۔