لاہور میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا ملزم ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں مارا گیا

سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 اگست 2025 08:53

لاہور میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا ملزم ساتھی سمیت پولیس ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا ملزم ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ مناواں میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں معمر خاتون کے کان سے بالیاں نوچنے والا مرکزی ملزم فراست علی اپنے ساتھی جون شاہ سمیت ہلاک ہو گیا، دونوں ڈاکو پولیس کو کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔

سی سی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی کینٹ کی ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی، مقابلے کے دوران ایس ایچ او عاطف ذوالفقار بال بال بچ گئے، ملزمان کی فائر کی گئی گولیاں ان کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ تھے اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے جب کہ مرکزی ملزم فراست علی چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں بزرگ خواتین کے کانوں سے بالیاں نوچ کر فرار ہو گیا تھا، جس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری نوٹس لیا اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

ادھر شرقپور میں سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں خطرناک ملزم آفاق عرف پھاکو بلڑ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، سی سی ڈی انچارج شاہد رفیق نے بتایا کہ گرفتار ملزم آفاق بلڑ کو ریکوری کے لیے نرنجنی لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے چار مسلح ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران آفاق بلڑ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہوگیا، ملزمان اپنے ساتھی کی نعش موقع پر چھوڑ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ہلاک ملزم قتل، ڈکیتی اور بھتہ خوری کے 26 سے زائد مقدمات میں ملوث اور علاقے میں خوف و دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔