ایئر انڈیا کا دہلی سے واشنگٹن کے لیے پروازیں یکم ستمبر سے معطل کرنے کا اعلان

منگل 12 اگست 2025 10:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) ایئر انڈیا نےدہلی سے امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے لیے اپنی پروازیں یکم ستمبر سے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق کمپنی نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز کم ہیں کیونکہ اُن کو اَپ گریڈ کیے جانے کا پہلے سے ہی منصوبہ تھا۔ایئر انڈیا کے پاس موجود بوئنگ کے جہاز پرانے ہیں اور پاکستان کی جانب سے ایئر سپیس بند کیے جانے کے بعد کمپنی کو خسارے کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ایئر انڈیا کی پروازوں کے راستے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث طویل ہو گئے ہیں اور آپریشنل پیچیدگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ایئرلائن نے اپنے بیڑے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 400 ملین ڈالر کا ریٹروٹ پروگرام شروع کیا ہے،تاہم پاکستان کی فضائی حدود کی پابندی کے باعث کمپنی کو خدشہ ہے کہ 12 ماہ کے دوران یہ لاگت 600 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ایئر انڈیا نے کہا کہ اس کے مسافروں کے پاس نیویارک، نیوآرک، شکاگو اور سان فرانسسکو میں ایئر لائن کے انٹر لائن پارٹنرز الاسکا ایئر لائنز، یونائیٹڈ ایئر لائنز اور ڈیلٹا ایئر لائنز کے ساتھ واشنگٹن ڈی سی کے لیے پروازوں کا انتخاب کرنے کے آپشنز ہوں گے۔