بھارت کے یوم آزادی سے قبل مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں عائد

منگل 12 اگست 2025 13:13

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں مودی کی بھارتی حکومت نے 15اگست کو اپنے یوم آزادی سے قبل پابندیوں کو مزید سخت کردیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کا یوم آزادی جسے ہر سال کشمیری عوام یوم سیاہ کے طورپرمناتے سے قبل ہی بڑی تعداد میں قابض بھارتی فورسز کو تعینات کر دیا ہے جس سے پورا مقبوضہ علاقے ایک فوجی چھائونی کا منظر پیش کر رہاہے۔

پورے مقبوضہ علاقے کے 20اضلاع میں خاص طور پر سرحدی علاقوں کے قریب بڑی تعداد میں فوجی چوکیاں قائم کی گئی ہے جہاں گاڑیوں اور راہگیروںکو روک کر ان کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ ڈرونز، سی سی ٹی وی کیمرے اور سکیورٹی گرڈ سمیت نگرانی کی جدید ٹیکنالوجیزکے ذریعے حساس مقامات کی نگرانی کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل پولیس وی کے بردی نے تصدیق کی ہے کہ سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں، فل ڈریس ریہرسل کے علاوہ سڑکوں پر قابض فورسز کا گشت بڑھادیاگیاہے۔

انسانی حقوق کے گروپوں اور مقامی لوگوں نے قابض انتظامیہ کے ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہر سال 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر بھارت کو یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ اسکے جابرانہ تسلط کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔