جمہوریت اور سیاست کا حسن ڈائیلاگ میں ہے، اس حوالے سے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے، اعظم نذیر تارڑ

منگل 12 اگست 2025 15:59

جمہوریت اور سیاست کا حسن ڈائیلاگ میں ہے، اس حوالے سے ایوان کی کمیٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جمہوریت اور سیاست کا حسن ڈائیلاگ میں ہے، اس حوالے سے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے۔منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض کے جواب میں سپیکر نے کہا کہ تحریک استحقاق کے حوالے سے باقاعدہ قواعد موجود ہیں،کل بھارت میں راہول گاندھی گرفتار ہوئے لیکن ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے، رولز کے مطابق ملاقاتیں نہ ہونے سے استحقاق مجروح نہیں ہوتا، کسی رکن کو پارلیمانی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے روکنے پر استحقاق مجروح ہوتا ہے۔

حکومت اور اپوزیشن بات کریں ،میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار ہوں،ہم نے پہلے بھی سہولت فراہم کی۔سپیکر نے کہا کہ یہ ایوان ہمارا گرینڈ جرگہ ہے، یہاں بات کریں۔

(جاری ہے)

سینیٹ اور قومی اسمبلی ہمارا گرینڈ جرگہ ہے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج نجی کارروائی کا دن ہے، اپوزیشن بائیکاٹ پر نظر ثانی کرے۔اپوزیشن ہمارے ساتھ آکر بیٹھے،سیاست کا حسن بات چیت میں ہے،اس پر کمیٹی بنالیں اور بات کریں۔

سپیکر نے کہا کہ وزیر قانون،وزیر داخلہ، نوید قمر اور اپوزیشن سے دو رکن بیٹھیں اور اس پر فیصلہ کریں۔پیپلز پارٹی کے رکن عبد القادر پٹیل نے کہا کہ جب کمیٹی بیٹھے تو یہ بھی غور کرے کہ ہم آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرانے کے لئے ساری رات سابق سپیکر اسد قیصر کے دفتر کے باہر موجود رہے تھے۔یہ رات تین بجے پچھلے دروازے سے نکل کر بھاگ گئے۔ یہ اپنے دور میں اٹھائے گئے اقدامات پر معافی مانگ کرنقطہ اعتراض پر بات کا آغاز کیا کریں۔سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان کی گرفتاری پرآپ نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا کہا تھا۔اس دوران اپوزیشن نےعلامتی واک آؤٹ کیا۔