کالعدم تنظیموں کے خلاف فیصلہ دہشتگردی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار ہے، امریکی وزیرخارجہ

کسی تنظیم کو دہشتگرد قرار دیا جانا، اس برائی کیخلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ،مارکو روبیو کابیان

منگل 12 اگست 2025 16:03

کالعدم تنظیموں کے خلاف فیصلہ دہشتگردی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار ہے، ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ محکمہ خارجہ بلوچستان لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کہلانی والی تنظیم کو غیرملکی دہشتگرد قرار دے رہا ہے۔ یہ اقدام انسداد دہشتگردی سے متعلق ٹرمپ انتطامیہ کے عزم کا اظہار ہے۔اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ کسی تنظیم کو دہشتگرد قرار دیا جانا، اس برائی کیخلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور یہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کو روکنے کا موثر طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کو کئی حملوں کے بعد سن 2019 میں اسپیشلی ڈیزیگنیٹڈ گلوبل ٹیرریسٹ تنظیم قرار دیا گیا تھا۔ مارکو روبیو نے کہا کہ 2019 سے ابتک بی ایل اے نے کئی اضافی حملوں کی زمہ داری بھی قبول کی ہے جن میں مجید بریگیڈ کی جانب سے قبول کی گئی زمہ داری بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سن دوہزار چوبیس میں بی ایل اے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اسی طرح 2025 میں بی ایل نے جعفر ایکسپریس ٹرین میں لوگوں کو یرغمال بنانے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ کوئٹہ سے پشاور جانیوالی اس ٹرین پر حملے میں 31 شہریوں کو قتل اور تین سو سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے خلاف اقدام امیگریشن اور نیشنلیٹی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے اور اسکا اطلاق فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے ساتھ ہی ہوجائے گا۔