وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق سے روس میں مقیم سینئر کشمیری صحافی اشتیاق ہمدانی کی ملاقات

منگل 12 اگست 2025 22:29

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر چوہدری انوارالحق سے روس میں مقیم سینئر کشمیری صحافی اشتیاق ہمدانی نے ملاقات کی ،انہوں نے ہٹیاں بالا میں عوامی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی کمی کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ، اس کے علاوہ ملاقات کے دوران علاقے کے مسائل، جن میں پانی کی فراہمی، بجلی کی قلت، برساتی نالوں کی صفائی اور دریا کے کٹاؤ جیسے اہم امور شامل ہیں، پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اشتیاق ہمدانی نے وزیراعظم آزادکشمیر کو آگاہ کیا کہ ہٹیاں بالا کے شہری گزشتہ پانچ دنوں سے پانی کی فراہمی سے محروم ہیں، جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری ایکشن لیتے ہوئے چیف انجینئر پبلک ہیلتھ مظفرآباد ڈویژن کو ہدایت کی کہ تین دن کے اندر اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کی جائے ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سے بھی اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اشتیاق ہمدانی نے اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیرکو روسی زبان میں مرتب کردہ ایک خصوصی کتابچہ پیش کیا، جو مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی آگاہی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایسے معلوماتی کتابچے دنیا کی مختلف زبانوں میں شائع کر کے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔ وزیراعظم نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ عمل قرار دیا۔

بعدازاں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اشتیاق ہمدانی کے بھائی عاشق ہمدانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جی ٹی وی سید قیوم بخاری ،اینکر پرسن خواجہ متین ،صحافی رضوان عباسی ، رئیس احمد خان،یوسف ہمدانی اور دیگر بھی موجود تھے۔