جامعہ اشرفیہ لاہور کے علماء کی طرف سے اسلام آباد میں مدنی مسجدکو شہید کرنے کی مذمت

منگل 12 اگست 2025 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2025ء)جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، مولانا حافظ اسعد عبید ،حافظ اجود عبید،مولانا زبیر حسن اور مولانا مجیب الرحمن نے اسلام آباد میں مدنی مسجد و مدرسہ کی شہادت کو انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ملک بھر میں شدیدغم و غصہ اور اضطراب پایا جاتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ کلمہ کے نام پر لاکھوں مسلمانوں کے جان ومال کی اورعزتوں کی قربانی دیکر حاصل کیے گئے ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں مدنی مسجد کی شہادت اورپچاس کے قریب دیگر مساجد کو بھی شہید کرنے کے مذموم عزائم ’’شہدائے پاکستان ’’ کے خون سے غداری، دوقومی نظریہ کی نفی ،ملکی حالات کو بدامنی کی طرف دھکیلنے ، خدا کے غضب کو دعوت دینے اوراسلام دشمنی کے مترادف ہے جس کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے علماء سانحہ مدنی مسجد کے حوالہ سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ حضرت مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ اور مولانا قاری محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر مرکزی قائدین کے موقف کی مکمل حمایت وتائید کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیںکہ وہ مدنی مسجد و مدرسہ کو اسی جگہ پر دوبارہ تعمیر کرے ا ور دیگر پچاس کے قریب مساجد کو شہید کرنے کے شرمناک اوراسلا م دشمن نوٹس کو بھی فوری واپس لینے کا اعلان کرے ۔