ایچ یو جے (ورکرز) کی جانب سے جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریب منعقد

منگل 12 اگست 2025 20:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی جانب سے جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریب کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا ۔ اس موقع پر ایچ یو جے (ورکرز) کے صدر امجد اسلام، سینئر نائب صدر عمران ملک، نائب صدر ساجد آرائیں، جوائنٹ سیکریٹری رانا حمبل، ممبر گورننگ باڈی عرفان آرائیں اور پی ایف یو جے (ورکرز) کے مرکزی سینئر نائب صدر ناصر شیخ نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایچ یو جے (ورکرز) امجد اسلام نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے لیے خوشی کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جس دن لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد ہمیں آزادی نصیب ہوئی، اور اس سال افواجِ پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دے کر جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان عطیۂ خداوندی ہے اور یہ ملک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا، لہٰذا اس کی کامیابی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔