شہری بھرپور طریقے سے آزادی کا جشن منائیں،کسی کوون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،آئی جی اسلام آباد

منگل 12 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو جشن آزادی مبارک ہو،یہ آزادی اس لئے بھی اہم ہے کہ ہمیں تاریخی فتح ملی،4000 سے زائد افسران پر مشتمل دستے شہر میں تعینات ہیں،کسی صورت ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے یوم آزادی کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کیلئے اہم پیغام جاری کیا۔اپنے پیغام میں آئی جی اسلام آبا دنے کہا کہ آپ کو 14 اگست یوم آزادی کا دن بہت بہت مبارک ہو، آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ،پورے پاکستان کے شہریوں کو اسلام آباد پولیس کی طرف سے یومِ آزادی کی بہت مبارکبادہو،میری درخواست ہے کہ اسلام آباد میں رہنے والوں سے کہ آزادی کو بھرپور طریقے سے منائیں،اپنی فیملیز کے ساتھ باہر جائیں، یہ بہت بڑا دن ہے، اس دن اللہ کے حضور جھکیں ،شکرانے کے نوافل ادا کریں لیکن ایک چیز کا خیال رکھیں کہ آزادی پر کسی صورت ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی اورشہریوں کو تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کوئی بھی شخص کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوگا تو اس کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری تمام والدین سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں ، بھائیوں اورچھوٹوں کو سمجھائیں اور انہیں آزادی کا مقصد بتائیں لیکن یاد رکھیں کہ آپ کی آزادی سے کسی اور کی آزادی متاثر نہیں ہونی چاہئے،شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی اور ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن پکار15-، 1715 یا 1815 پر کال کریں، آپ کی بتائی ہوئی معلومات ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتی ہیں اور آپ کی معلومات سے ہمیں بہت بڑی کامیابیاں ملتی ہیں کیونکہ پولیس کی کامیابیاں آپ کی کامیابیاں ہیں کیونکہ ہم ایک ہیں ،ہم اسلام آباد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو برقراررکھنے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے مطابق 4000 سے زائد افسران و جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گےجو پٹرولنگ، پکٹنگ اور مارکیٹس میں اپنی ڈیوٹیز دیں گے،تمام آفیسرز آپ کی حفاظت اور سکیورٹی کے لئے آئوٹ رہیں گے،ان شاءاللہ آپ کو اسلام آباد پولیس کا ایک ایک آفیسر، ایک ایک جوان اسلام آباد کی سڑکوں پر پٹرولنگ کرتے ہوئے نظر آئے گا، ہم نے آپ کی سکیورٹی کے لئے ایک بہترین پلان ترتیب دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس دفعہ کا یوم آزادی اس لئے بھی بہت اہم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک تاریخی فتح دی ہے، وہ تاریخی فتح جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،اس فتح میں پاکستان کی فوج کا کردار بے مثال ہے اور ہم فخر کرتے ہیں اپنی فوج پر، ہم فخر کرتے ہیں اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ،ان شاءاللہ تمام ادارے لوگوں کی حفاظت اور سہولت کے لئے کام کرتے رہیں گے۔

آخر میں ، میں ایک دفعہ پھر سب کو آزادی کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں،یہ ایک بہت بڑی نعمت ہے،اس آزادی کی فضائوں میں گھومیں، اس فیسٹیویٹی کو انجوائے کریں لیکن یاد رکھیں کہ آپ کی خوشی کسی اور کے لئے زحمت نہیں بننی چاہئے،دعا ہے اللہ تعالیٰ سے کہ ہمارا ملک ترقی کرے اور ہم اسی طرح آزادی کے ساتھ سانس لیتے رہیں کیونکہ ہم پاکستان ہیں، یہ ہمارا ملک ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے اس پاکستان کے لئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے میں دریغ نہیں کریں گے۔