صوبائی وزیر صحت سے مفتی محمود ہسپتال کچلاک کے ایم ایس اورگولڈمیڈلسٹ طالب علم ملک کی ملاقات

منگل 12 اگست 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ سے مفتی محمود ہسپتال کچلاک کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹروکیل شیرانی اور ایشین سائنس کیمپ 2025ء میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طالب علم ملک سید شہاب الدین نے ان کے دفتر میں الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔مفتی محمود ہسپتال کچلاک کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وکیل شیرانی نے صوبائی وزیر صحت کوہسپتال کی کارکردگی، علاج معالجے کی سہولیات اور جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈاکٹر وکیل شیرانی نے وزیر صحت کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، عملے کی کارکردگی، مریضوں کے علاج کے معیار اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت بلوچستان نے ہسپتال کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے اداروں کو مضبوط بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے اور سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔دریں اثناء وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی اور پرنسپل بولان میڈیکل کالج کوئٹہ راز محمد کاکڑ کی موجودگی میں ہرنائی سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم ملک سید شہاب الدین اور ان کے والد سے ملاقات کی اور تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین سائنس کیمپ 2025 میں شاندار کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کی۔

پاکستان سائنس فانڈیشن کی زیرِ سرپرستی منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی سائنسی کیمپ میں ایشیا بھر سے منتخب نوجوان سائنس دان اور طلبہ شریک ہوئے، جہاں انہوں نے سائنسی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، تجربات کیے اور اپنی تحقیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ملک سید شہاب الدین نے نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کی بلکہ ایک تحقیقی پوسٹر پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اور گولڈ میڈل حاصل کیا، جو ان کی علمی مہارت، محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ملک سید شہاب الدین کی یہ کامیابی نہ صرف ہرنائی بلکہ پورے بلوچستان اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان علم و تحقیق میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں۔