ھ*وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت وزارتِ ریلوے میںاہم اجلاس کا انعقاد

م*اجلاس میں ریلوے کے مختلف انتظامی، آپریشنل اور فنی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا 1حنیف عباسی کا موسٰی پاک اور عوام ایکسپریس کے حالیہ واقعے پر سخت برہمی کا اظہار ،واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت

منگل 12 اگست 2025 21:35

m راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت وزارتِ ریلوے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹس بذریعہ آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں ریلوے کے مختلف انتظامی، آپریشنل اور فنی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔وفاقی وزیر ریلوے نے موسٰی پاک اور عوام ایکسپریس کے حالیہ واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے غفلت برتنے والے عملے کے خلاف تادیبی کارروائی، ڈرائیورز اور آپریشنل عملے کی فوری تربیت اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت دی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ریلوے ٹریک اور سگنل سسٹم کا ہنگامی معائنہ کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔وزیر ریلوے نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ریلوے کے تمام چھوٹے بڑے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، ریلوے ورکشاپس کی حالت بہتر بنائی جائے، فالتو اسکریپ کی جلد نیلامی کی جائے اور ریلوے لائن کے ساتھ نکاسی آب کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینوں میں بیت الخلا کی صفائی، پانی کی فراہمی، لاکس کی جانچ پڑتال اور فائر ایکسٹنگوشرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ہر ڈویڑن میں باقاعدہ معائنہ لازمی قرار دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے افسران کو دفتر میں بیٹھ کر رپورٹیں تیار کرنے کے بجائے فیلڈ میں جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریک اور ٹرینوں کی حفاظت میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

مزید برآں، تمام ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے جمع کروائیں جبکہ ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ وزیر ریلوے کی زیرِ صدارت اجلاس میں لیا جائے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور پاکستان ریلوے اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا