بلوچستان کے نواب و سردار ، پاکستان کے لیے قربانیوں کی زندہ مثال ہیں ، قاضی محمود الحسن

بدھ 13 اگست 2025 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) یوم آزادی معرکہ حق کے موقع پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے قاضی محمود الحسن نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان کے نواب و سردار ، پاکستان کے لیے قربانیوں کی داستان اور زندہ مثال ہیں، 14اگست وہ تاریخی دن ہےجب برصغیر کے مسلمانوں کے آزاد اور خودمختار ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا تھا، یومِ آزادی صرف جشن نہیں، قربانیوں کے تسلسل کی داستان ہے ، یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے،یہ دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

قاضی محمود الحسن نے کہا کہ مجھے اپنے بزرگوں اور والدین سے معلوم ہوا کہ جب قائد اعظم محمد علی جناح یہاں تشریف لائے تھے تو انہوں نے میک موہن پارک موجودہ صادق شہید پارک کے نام سے موسوم ہے وہاں تاریخی تقریر کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم نے انگریزی میں تقریر کی لیکن ان کی کرشماتی شخصیت نے سب کو متاثر کیا، جو لوگ انگریزی نہیں جانتے تھے وہ بھی ان کی تقریر کو انہماک اور جذبے سے سن رہے تھے جیسے ان کے دل کی بات کی جا رہی ہو۔

قاضی محمود الحسن نے کہا کہ نواب محمد خان جوگزئی اور جعفر خان نے پاکستان میں شمولیت کے لیے بھرپور کوشش کی،اپنے میروں اور سرداروں کو قائل کرنا ان کے لیے آسان تھا کیونکہ سب دل سے پاکستان کے خواہشمند تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سب عمائدین پاکستان کو اسلام کا قلعہ سمجھتے تھے اور آج بھی سمجھتے ہیں۔ قاضی محمود الحسن نے کہا کہ کوئٹہ کے ٹاؤن ہال میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران تمام نوابوں اور سرداروں نے اجتماعی طور پر پاکستان کے حق میں ووٹ دیاتھا۔