محکمہ جنگلی حیات کی بٹیر ، تیتر اور طوطوں کی غیرقانونی شکار کیخلاف 62ایف آئی آرز درج

بدھ 13 اگست 2025 18:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اورسیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر میں چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی قیادت میں فالکن اور بٹیر کے موسم شکار کے پیش نظر فیلڈ کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے،جس کے نتیجہ میں رواں ماہ آغاز سے اب تک بٹیر ، تیتر اور طوطوں کی غیرقانونی نیٹنگ میں ملوث شکاریوں کیخلاف صوبہ کے مختلف تھانوں میں تقریبا 62کے لگ بھگ باقاعدہ ایف آئی آرز درج ہوچکی ہیں جبکہ13 پر کارروائی جاری ہے۔

تفصیل کے مطابق فالکن اور بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ کی روک تھام کیلئے صوبہ بھر میں عدم برداشت کی پالیسی کے نفاذ اور فیلڈ الرٹ کی بدولت محکمہ کے مختلف ریجنز میں غیرقانونی شکاریوں کا تعاقب بھر پور انداز سے جاری ہے،جس کے نتیجے میں فالکن ، بٹیر ،تیتر اور جنگلی طوطوں کے نیٹرز کا گھیرائو بتدریج تنگ ہو چکا ہے اور سیکرٹری جنگلات مدثر ریاض ملک اور چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی انتھک کوششوں،فیلڈ افسران اور وائلڈلائف رینجرز کی شبانہ روز مانیٹرنگ کی بدولت صوبہ کے طول و عرض چھاپوں کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آئے روز غیرقانونی نیٹرز کیخلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اب تک کی رپورٹ کے مطابق کل 62 ایف آئی آرز تاحال درج ہوئی ہیں،جس میں بہاولپور ریجن 19ایف آئی آرز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سرگودھا ریجن میں 14، سالٹ رینج ریجن میں 07، ملتان ریجن میں 06، فیصل آباد اور ساہیوال ریجن میں فی کس 05،گجرات میں 02 اور راولپنڈی ریجن میں اب تک اس ضمن میں01 اور ڈی جی خا ن ریجن میں 04 جبکہ 13عنقریب درج ہو ں گی۔چیف وائلڈلائف رینجر نے تمام فیلڈ افسران ،ہیڈ وائلڈ لائف رینجراور سینئر وائلڈ لائف رینجرز اور وائلڈلائف رینجرز کو غیرقانونی نیٹرز کی بیخ کنی کرنے کی تاکید کی ہے نیز فیلڈ افسران کو غفلت اور کوتاہی پر معطلی جیسے سخت اقدامات لینا شروع کردیئے ہیں،اسی تناظر میں گزشتہ روز تین افسران کو معطل بھی کیاگیا۔