مظفر آباد، ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کے عنوان پر تقریری مقابلہ جات

بدھ 13 اگست 2025 19:27

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کے عنوان پر تقریری مقابلہ جات کے حوالے سے گرلز ڈگری کالج آٹھ مقام میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ اس حوالے سےمحکمہ تعلیم نسواں اور ربڈ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے15 سکولوں کی طالبات میں تقریری مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر چوہدری بشارت جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ شیما میرنے کی، ”برڈ فاؤنڈیشن کی ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر طاہرہ کاظمی نے بطور خاص شرکت کی۔ تقریب میں ضلعی، تعلیمی آفیسران سمیت مختلف سکولوں کی معلمات / طالبات نے شرکت کی۔ گرلز ہائی سکول سالخلہ اور گرلز مڈل سکول آٹھ مقام نے پہلی پوزیشنیں اپنے نام کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری بشارت، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرمحترمہ شیما میر، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادی ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کاثمر ہے۔ معرکہ حق افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کانتیجہ جس سے پوری دنیا میں پاکستانی وکشمیر قوم کے سرفخر سے بلند ہوئے۔جنگ جیتنے کیلئے معیشت کی مضبوطی ہی نہیں بلکہ سچے جذبوں کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔

پاکستان کی سلامتی اور کشمیرکی آزادی کیلئے دعا گو ہیں وہ وقت دور نہیں کہ کشمیر آزاد ہوکر پاکستان کاحصہ بنے گا۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں افواج پاکستان کیساتھ شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے کھڑے ہیں۔ پاکستان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تحریک آزادی کشمیر کی منزل تکمیل پاکستان ہے۔ جشن آزادی تقریری مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خواجہ سیری، گورنمنٹ گرلز سکول دودھنیال، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شاردہ، گورنمنٹ گرلز سکول دواریاں،گورنمنٹ گرلز سکول لوات، گورنمنٹ گرلز سکول سالخلہ، گورنمنٹ گرلز سکول آٹھ مقام، گورنمنٹ گرلز سکول کنڈلشاہی،گورنمنٹ گرلز سکول لالہ، گورنمنٹ گرلز سکول کھریگام، گورنمنٹ گرلز سکول دوسٹ، گرلز سکول کٹن اور گورنمنٹ گرلز سکول راؤٹہ نے حصہ لیا۔

گورنمنٹ گرلز ہائی سکولزسیکشن سے پہلی پوزیشن گرلز سکول سالخلہ دوسری دواریاں اور تیسری شاردہ نے حاصل کی جبکہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول سیکشن سے پہلی پوزیشن گرلز مڈل سکول آٹھ مقام، دوسری گرلز سکول لالہ اور تیسر ی گرلز سکول دوسٹ نے حاصل کی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبات کو برڈ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شیلڈ / میڈل عطاء کیے گئے جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ شیما میر کو سال 2025 میں میٹرک کے شاندار نتائج پر ڈسٹرکٹ کوارڈی نیٹر برڈ فاؤنڈیشن طاہرہ کاظمی نے شیلڈ پیش کی۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں نے میٹرک میں نمایاں نمبرات حاصل کرنیوالی طالبات کو نقد انعامات دئے۔ تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں محترمہ زاہدہ اشرف، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم اور ناصر بخاری نے شرکت کی۔