الیکشن کمشنر بلوچستان نے کوئٹہ میں یومِ آزادی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد، 14 اگست کی خوشی میں کیک کاٹا گیا

بدھ 13 اگست 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) الیکشن کمشنر بلوچستان، کوئٹہ میں یومِ آزادی کی مناسبت سے بدھ کو سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں الیکشن کمیشن بلوچستان کے تمام افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے 14 اگست کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن نہ صرف آزادی کی عظیم نعمت کی یاد دہانی ہے، بلکہ ہمیں اپنے قومی فرائض، جمہوری اقدار اور آئینی ذمہ داریوں کو دل و جان سے نبھانے کا عہد بھی دلاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہماری اجتماعی قربانیوں کا ثمر ہےاور اس کی ترقی و استحکام کے لیے ہر شہری کا کردار نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم نہ صرف وطن سے محبت کریں گے بلکہ اس کی جمہوری بنیادوں کو مضبوط بنانے میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر علی اصغر سیال نے جشنِ آزادی کی تقریب کے کامیاب انعقاد پر متعلقہ عملے کی کوششوں کو سراہا اور ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران دفتر کے اُن ملازمین کو تعریفی اسناد اور انعامات سے بھی نوازا گیا جنہوں نے اپنے فرائض منصبی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔تقریب کا اختتام کیک کاٹنے سے ہوا،جس میں تمام شرکاء نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں کیں۔