پاک فوج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاکر پاکستان کی عسکری طاقت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر نمایاں مقام دلایا‘عطاء اللہ تارڑ

بدھ 13 اگست 2025 20:00

پاک فوج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاکر پاکستان کی عسکری طاقت کو عالمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے،پاک فوج نے حالیہ جنگ میں ازلی دشمن بھارت کو بد ترین شکست سے دوچار کیا،اس شاندار کامیابی پر عالمی سطح پر پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے، یہ تاریخی فتح افواج پاکستان کے ناقابلِ شکست جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوانِ قائداعظم جوہر ٹاون میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے سلسلے میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام ادارہ نظریہ پاکستان کے زیرِ اہتمام کیا گیا تھا،جس میں طلبہ و طالبات کے درمیان تقریری مقابلوں کے علاوہ انعامات کی تقسیم کی ایک شاندار تقریب بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ شفقت عباس، پروفیسر عابد شیروانی،سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل، ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ چوہدری، معروف صحافی و تجزیہ کار عاصم نصیر،اساتذہ، طلبہ و طالبات اور معاشرے کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کا یہ دن ہر پاکستانی کیلئے ایک عظیم موقع ہے کہ وہ اپنی آزادی کی قدر کرے اور اسے مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کی جانب سے رات کے اندھیرے میں کئے گئے بزدلانہ حملوں کا نہ صرف بھرپور مقابلہ کیا بلکہ اسے ایسی سبق آموز شکست دی کہ دشمن بھارت کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔انہوں نے کہا کہ سپہ سالار پاکستان فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے فجر کی نماز کے بعد جوابی کارروائی کا آغاز کیا،جس میں دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیئے اور اسے شکست کی ایسی دلدل میں دھکیل دیا کہ وہ اپنی جگہ ہلنے کے قابل بھی نہ رہا۔

اس کارروائی نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا اور پاکستان کی عسکری طاقت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر نمایاں مقام دلایا۔وفاقی وزیر نے پاک فوج کے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری، قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت نے آج پوری دنیا کو پاکستان کی عسکری قوت اور نظم و ضبط کو تسلیم کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی عظیم مثال ہے۔اس فتح نے پاکستانی عوام کو یہ باور کرایا ہے کہ وہ کسی بھی مشکل حالات میں اپنے وطن کی حفاظت اور ترقی کیلئے متحد ہو کر مقابلہ کر سکتے ہیں۔عطاء اللہ تارڑ نے ادارہ نظریہ پاکستان کی انتظامیہ کو ان کی شاندار کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ادارہ پاکستان کے نظریاتی تشخص کو اجاگر کرنے اور نوجوان نسل میں وطن سے محبت،تحریکِ پاکستان کے مقاصد اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات نئی نسل کو اپنی تاریخ، ثقافت اور قومی اقدار سے جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ ہیں۔انہوں نے ادارے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف یومِ آزادی کے جذبے کو زندہ رکھنے کا باعث بنی بلکہ طلبہ و طالبات کو اپنے خیالات کے اظہار اور قومی فخر کو بلند کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے اپنے خطاب کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے اور اسے ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے۔

تقریب کے اختتام پر تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔شرکا نے کامیاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تقریب میں شریک تمام افراد نے پاک فوج کی اس عظیم کامیابی پر فخر کا اظہار کیا اور وطن کی ترقی و استحکام کیلئے اپنی حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔