78واں یوم آزادی،معاشی طور پر پاکستان کوخطے کا ایک مضبوط ملک بنانا ہے، یونائٹیڈ بزنس گروپ

ایس ایم تنویر،زبیرطفیل، ملک خدا بخش، حنیف گوہر،سید مظہر علی ناصر اورخالدتواب کی قوم کوجشن آزادی کی مبارکباد

بدھ 13 اگست 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر،صدر زبیرطفیل،ممبر کورکمیٹی یو بی جی ملک خدا بخش،سیکریٹری جنرل (سندھ) حنیف گوہرسابق سینئرنائب صدور ایف پی سی سی آئی سید مظہر علی ناصر اورخالدتواب نے پاکستان کی 78ویں سالگر ہ کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ریاست کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ہمیں اپنے اختلافات کو ختم کر کے یکجا ہونا پڑے گا ،ہمیں فخر ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پاکستان بنانے کیلئے دی گئی قائد اعظم محمدعلی جناح اور انکے رفقاء کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا اور بھارت سے جنگ میں پاکستان کو تاریخی فتح بھی دلائی اور یہ فتح پاک فضائیہ اور دیگر اداروں سمیت پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد اور دعائوں کے سبب حاصل ہوئی،ہمیں اسی جذبے کے تحت نہ صرف اپنے پیارے پاکستان کی حفاظت کرنا ہے بلکہ معاشی طور پر پاکستان کوخطے کا ایک مضبوط ملک بھی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایس ایم تنویر نے کہا کہ پاکستان کا78واں جشن آزادی آج 14اگست کو بے پناہ جوش و خروش اور ملی جذبہ کے ساتھ منایا جارہا ہے اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی یونائٹیڈ بزنس گروپ کے بینر تلے ملک و قوم کی سلامتی ،ترقی و خوش حالی اور وطن کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگ رہی ہے۔

ایس ایم تنویر نے 78ویں یوم آزادی کے موقع اپنے پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ زبیرطفیل نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت، بصیرت اور پختہ عزم نے آزاد پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا، ایک بے مثال جدوجہد کے ذریعہ پاکستان کا قیام تاریخ کا بے مثل باب ہے، ملکی سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ملک خدا بخش نے کہا کہ وطن عزیز لاکھوں شہداکی قربانیوں اور خواب کی تعبیر ہے جو محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایمان ،آزادی اور وقار کی علامت ہے اس کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور پہچان کی ضمانت ہے اس لئے ہم پر لازم ہے کہ اتحاد امت اور اخلاص کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں۔حنیف گوہرنے کہاکہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہ تھا جس نے دوست و دشمن سب کو نہ صرف حیرت میں ڈال دیا بلکہ تمام تر قیاس آرائیوں اور پیش گوئیوں کے بر عکس دنیا میں اپنی انفرادی حیثیت کو قائم رکھا، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کی مضبوطی کیلئے اپنا پنا کردار ادا کریں۔

مظہر علی ناصر اور خالدتواب نے کہا کہ سب کو مل کر ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے، تمام شہدا اور غازی ملک و قوم کا فخر ہیں اور بزنس کمیونٹی عہد کرتی ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے تمام ترذمہ داریاں پوری کریں گے اور محنت سے ملک میں ترقی اور خوشحالی لے کر آئیں گے۔