یوم آزادی و جشن معرکہ حق 14 اگست کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا، انجینئر امیر مقام

بدھ 13 اگست 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان، سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن )خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمیں عطا ء کردہ بہت بڑی نعمت ہے ،یوم آزادی و جشن معرکہ حق 14 اگست کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یوم آزادی ومعرکہ حق کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات کابھی اہتمام کیا جائے گا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم آزادی جوش و خروش سے منا رہے ہیں ،افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دی ،اس جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستان طاقت بن کر ابھرا ہے ،بھارت کا غرور ہماری افوج نے خاک میں ملا دیا اور پاکستان کا وقار بلندیوں کو چھونے لگا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی جشن آزادی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم یوم آزادی ومعرکہ حق کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی یاد رکھیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صبح کے آغازپر نماز فجر کے وقت قرآن خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، اسلام کی سر بلندی،ملکی خوشحالی، قومی فلاح، علاقائی تعمیر و ترقی، اتحاد بین المسلمین کے فروغ، دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمہ، قدرتی آفات سے نجات، اتحاد و بھائی چارے، اخوت و یگانگت کی فضا کے قیام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یوم آزادی وجشن معرکہ حق کے موقع پر مختلف تقریبات کے دوران قومی ترانے و ملی نغمے پیش کئے جائیں گے اور اس موقع پرقرات و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک بڑی نعمت ہے ،ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو حاصل کرنے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا، گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی پاکستانی قوم جشن آزادی بھر پور جوش اور جذبے سے منائے گی۔ انہوں نے عہد کیا کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کیلئے ایک قوم بن کر آگے بڑھیں۔