وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

بدھ 13 اگست 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ  تعلقات، پاکستانیوں کیلئے ہنر، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے برطانوی حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ برطانیہ میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم  ہیں، گزشتہ ایک سال میں ان پاکستانیوں نے 6 ارب ڈالر زر مبادلہ پاکستان بھجوایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جنہیں مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے، غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاکستان نے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے سٹرٹیجک تعلقات دو طرفہ ہیں، پاکستانی نژاد شہری برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں سیاست، تجارت اور کھیل کے شعبوں میں پاکستانیوں کی خدمات نمایاں ہیں جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں ہنر کی فراہمی اور نصاب میں اصلاحات کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔