پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا آزادی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

بدھ 13 اگست 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مادر وطن کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری آزادی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے، یہ دن ہمیں اس جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اس سال ہم یوم آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ امید کے ساتھ منا رہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق میں فتح ہمارے عوام کے لیے نئے اعتماد کا ذریعہ بنی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کیے، آپریشن بنیان مرصوص نے اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کیا، پاکستان کے عالمی مقام کو مزید مستحکم کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر دبائو کے آگے نہیں جھکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم متحد، یکسو اور ایک مشترکہ مقصد کے لیے پرعزم ہوں تو ہم ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس جذبے کو معاشی بحالی، تعلیمی اصلاحات، تکنیکی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات اور ماحولیاتی تحفظ کی جانب لگانا ہوگا، صدر مملکت نے کہا کہ نظم، جرات اور حکمت بھارت کے خلاف حالیہ کامیابی کا باعث بنی، نظم اور حکمت ہی ہمیں غربت کے خاتمے، عوام کے لیے مواقع پیدا کرنے اور ایک منصفانہ اور ہمہ گیر معاشرہ قائم کرنے میں بھی کامیابی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کرتے ہیں، کشمیریوں کی جرات، انصاف اور حق خودارادیت کی جدو جہد ہمارے دل کے قریب ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیروں کے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کو غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے اس یوم آزادی کو اپنی تاریخ کا ایک نیا باب بنا کر، اختلافات سے بالاتر ہو کرانصاف، مساوات، ایمان اور خدمت خلق پر مبنی ملک کیلئے متحد ہوں۔