پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے زیر اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں 14 اگست کے حوالہ سے پروقار تقریب

بدھ 13 اگست 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کے زیر اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں 14 اگست کے حوالہ سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے خواتین کارکنان، پارٹی عہدیداران اور سول سوسائٹی کی نمائندہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی رکنِ قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب تھیں۔

اس موقع پر سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم، سینئر رہنما حاجی پرویز، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، ایم پی اے زیب النساء اعوان، ایم پی اے تحسین فواد، سابق ایم پی اے لبنیٰ ریحان پیرزادہ، ایم پی اے رفعت عباسی اور اسماء عباسی سمیت مسلم لیگ (ن) کی دیگر رہنما خواتین موجود تھیں۔شرکاء نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر کیک کاٹا۔

(جاری ہے)

آزادی کی اہمیت اور پاکستان کے استحکام کے لیے یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ 14 اگست ہماری آزادی، قربانیوں اور محنت کی علامت ہے۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج قوم کی محافظ اور ملکی سلامتی کی ضامن ہے۔ مقررین نے معرکہ حق میں پاک فوج کی شاندار کامیابیوں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دی گئی قربانیوں کو سنہری باب قرار دیا اور کہا کہ یہ کارنامے پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج اور عوام مل کر ہی پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی جدوجہد اور عوامی خدمت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہمیشہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے کوشاں رہے گی۔ آخر میں مہمانانِ خصوصی اور شریک خواتین نے آزادی کے کیک کاٹ کر خوشیاں بانٹیں اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی۔