امریکہ کے بعد چین سے بھی بھارت کیلئے بری خبر

چینی حکومت کا بھارتی فائبر آپٹکس پر 30 فیصد تک ٹیرف برقرار رکھنے کا فیصلہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اگست 2025 12:24

امریکہ کے بعد چین سے بھی بھارت کیلئے بری خبر
بیجنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2025ء ) چینی حکومت نے بھارتی فائبر آپٹکس پر 30 فیصد تک ٹیرف برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چین نے ٹیرف پہلی بار 2014ء میں نافذ کیے تھے، اگست 2020ء میں توسیع کی گئی تھی، اب اس حوالے سے چینی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ چین بھارتی فائبر آپٹک مصنوعات پر ٹیرف برقرار رکھے گا، بھارت سے درآمد شدہ سنگل موڈ آپٹیکل فائبر پر اینٹی ڈمپنگ ٹیرف برقرار رہے گا، اینٹی ڈمپنگ ٹیرف کے تحت زیادہ سے زیادہ محصولاتی شرح 30.6 فیصد ہوگی۔

دوسری طرف امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بھارت پر عائد کیا جانے والا ٹیرف تو صرف آغاز ہے، ابھی آپ کو بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا، بہت سی دیگر پابندیاں بھی دیکھنے کو ملیں گی، بھارت پر پچاس فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا ہے، اگر بھارت یا دیگر ممالک نے روسی تیل کی خریداری بند نہ کی تو مزید پابندیاں عائد کی جائیں گی، چین پر بھی ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں، چپس اور سیمی کنڈکٹرز پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا جس کا مقصد امریکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں برتری دلانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکہ میں مینوفیکچرنگ کی واپسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایپل سمیت متعدد امریکی کمپنیاں واپس امریکہ لوٹ رہی ہیں، جو بھی کمپنیاں امریکہ میں اپنی مصنوعات بنائیں گی، ان پر کوئی اضافی چارج نہیں لگایا جائے گا، ایک سال قبل امریکہ کو دیوالیہ قرار دیا جا رہا تھا لیکن آج امریکی سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جب کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو پہلے ہی ختم کیا جا چکا ہے جس کے لیے بی ٹو بمبار طیاروں سے ایرانی جوہری تنصیبات پر بمباری کی گئی، اگر تہران نے دوبارہ جوہری پروگرام شروع کیا تو امریکہ حملہ کرے گا۔