اسلام آباد چیمبر میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی شاندار تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے پاکستان کا 78 واں یوم آزادی چیمبر کے احاطے میں ایک پروقار پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب کے ساتھ منایا۔ تقریب میں مختلف مارکیٹوں کے کاروباری رہنماؤں، ایگزیکٹو باڈی کے اراکین اور آئی سی سی آئی کے عملے کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اور یہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بانیوں کے وژن کو ایک خوشحال اور فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے جد و جہد جاری و ساری رکھے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصول، جیسا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے وضع کیا تھا، پاکستان کو قوموں کی برادری میں مضبوط اور باوقار بنانے کی کلید ہیں ۔

(جاری ہے)

صدر قریشی نے قومی اتحاد کو فروغ دینے اور چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کاروباری برادری حکومت کے ان اقدامات کی مکمل حمایت کرے گی جن کا مقصد معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ آئی سی سی آئی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے پاکستان کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مسابقتی اور پرکشش مقام کے طور پر پوزیشن دینے کے لیے چیمبر کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور ملک کی عزت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی بہتری میں فعال کردار ادا کیا کہ جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ۔