پاکستان کے یومِ آزادی پر مودی کا نفرت انگیز پیغام، نام لیے بغیر وطن عزیز کیخلاف ہرزہ سرائی

’یہ دن اُس المناک دور کو یاد کرنے کا موقع ہے جب تاریخ کے ایک افسوسناک باب میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے‘، بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کے جشن آزادی کے دن کو ’پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے‘ کا نام دے دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اگست 2025 16:15

پاکستان کے یومِ آزادی پر مودی کا نفرت انگیز پیغام، نام لیے بغیر وطن ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2025ء ) پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے نفرت انگیز پیغام سامنے آیا جس میں پاکستان کا نام لیے بغیر وطن عزیز کیخلاف ہرزہ سرائی کی گئی۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں نریندر مودی نے پاکستان کے جشن آزادی کے دن کو پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے (Partition Horrors Remembrance Day) کا نام دیا اور لکھا کہ یہ دن اُس المناک دور کو یاد کرنے کا موقع ہے جب تاریخ کے ایک افسوسناک باب میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور جنہوں نے شدید تکلیف کا سامنا کیا تھا۔

مودی کا کہنا ہے کہ یہ دن ان لوگوں کے حوصلے اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بھی ہے جنہوں نے ناقابلِ تصور نقصان برداشت کیا، لیکن اس کے باوجود ایک نئی شروعات کرنے کا حوصلہ پیدا کیا۔

(جاری ہے)

نریندر مودی نے مزید لکھا کہ تقسیم سے متاثرہ کئی افراد کو نہ صرف نئی زندگیاں ملیں بلکہ نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کیں، یہ دن اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ ہمیں اپنے ملک کو جوڑنے والے ہم آہنگی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کی مسلسل ذمہ داری ادا کرنی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے (Partition Horrors Remembrance Day) کی شروعات بھارت میں سال 2021ء سے ہوئی ہے جو ہر سال 14 اگست کو منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا اعلان نریندر مودی کی جانب سے کیا گیا تھا، جس کا مقصد 1947ء کی تقسیمِ ہند کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصان، بڑے پیمانے پر ہجرت، فسادات اور متاثرہ لاکھوں لوگوں کے مصائب کو یاد کرنا بتایا گیا۔