گلگت ،واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر یومِ آزادی کی تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 17:32

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) واپڈا کے زیرِ اہتمام دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ میں یومِ آزادی پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی کیمپ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں واپڈا حکام، کنسلٹنٹس، کنٹریکٹرز اور دیگر اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل منیجر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ انجینئر نزاکت حسین تھے، جنہوں نے قومی پرچم لہرایا۔

واپڈا سیکیورٹی فورسز، گلگت بلتستان اسکاوٹس اور ایس ایس یو خیبرپختونخوا کے چاق و چوبند جوانوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر انجینئر نزاکت حسین نے خطاب کرتے ہوئے 14 اگست کی تاریخی اہمیت اور دیامر بھاشا ڈیم کے قومی ترقی میں کردار پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی خود کفالت اور توانائی کے شعبے میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

تقریب میں گزشتہ ایک سال کے دوران اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انجینئرز اور دیگر اسٹاف کو تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔یاد رہے کہ دریائے سندھ پر گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے ہیڈ کوارٹر چلاس سے 40 کلومیٹر زیریں جانب زیرِ تعمیر دیامر بھاشا ڈیم دنیا کا بلند ترین 272 میٹر اونچا آر سی سی ڈیم ہے۔ اس کی پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہے، جس سے 12 لاکھ 30 ہزار ایکڑ نئی اراضی زیرِ کاشت لائی جا سکے گی۔ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4,500 میگاواٹ ہے، جو قومی گرڈ کو سالانہ 18 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی فراہم کرے گی۔\378