wگورنر ہاؤس لاہور میں یومِ آزادی کی پروقار پرچم کشائی تقریب

ٰپرچم کشائی کے فوراً بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور فضا’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے، قائم مقام گورنرملک محمد احمد

جمعرات 14 اگست 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2025ء)گورنر ہاؤس لاہور میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے فوراً بعد قومی ترانہ بجایا گیا اور فضا’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔خطاب میں ملک محمد احمد خان نے پوری قوم کو یومِ آزادی اور معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی ادارے ملکی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور نیول چیف کی قیادت میں دشمن کو چند گھنٹوں میں شکست دینا پاکستان کی عسکری صلاحیت اور قومی یکجہتی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے زور دیا کہ آج کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے، جب تمام اختلافات بھلا کر ایک قوم کی طرح سوچنا اور وطنِ عزیز کی ترقی و حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے۔تقریب میں اہم سرکاری شخصیات، طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گورنر ہاؤس سبز ہلالی پرچموں، روشنیوں اور قومی رنگوں سے سجا ہوا تھا، جبکہ شرکا نے وطن سے محبت کے جذبے سے تقریب کو سراہا۔