کوہلو: جشن آزادی کے تقریبات کا سلسلہ جاری ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ٹوگری فٹبال گرانڈ میں شاندار تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 18:50

کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2025ء) جشن آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل کوہلو کے زیر اہتمام ٹوگری فٹبال گرانڈ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی ڈسٹرکٹ چیئرمین میر نثار احمد مری نے کی، جبکہ مہمان خصوصی کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ تھے۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طحہ علی خان، ایس پی کوہلو محمد شریف، اسسٹنٹ کمشنر میر کبیر مزاری، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل وڈیرہ غازی خان مری، چیف آف بجارانی وڈیرہ شاہنواز مری ، قبائلی رہنما میر باز محمد مری، وڈیرہ ربنواز پوادی، سرکاری محکموں کے افسران، یونین کونسلز کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، علاقائی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مختلف کھیلوں کے دلچسپ مقابلے، ملی نغمے، ٹیبلوز، بلوچی ثقافتی میوزک اور روایتی چھاپ پیش کیے گئے جنہوں نے حاضرین کو محظوظ کر دیا۔ رنگا رنگ پروگراموں نے جشن کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف، ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ، ایس پی محمد شریف اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر نثار احمد مری نے کہا کہ 14 اگست کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ سنہری دن ہے جب ہمارے آبا اجداد نے قربانیوں، عزم اور اتحاد کے ساتھ ایک آزاد وطن حاصل کیا۔

یہ دن ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنے، قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے، نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ علم، محنت اور اخلاقی اقدار کو اپنا ہتھیار بنا کر ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جشن آزادی محض خوشی کا دن نہیں بلکہ یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر میدان میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور ملک کے دفاع، امن اور خوشحالی کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان تمام اداروں اور عوام کے باہمی تعاون سے قائم ہے، اور اس کو مزید مستحکم بنانے کے لیے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

نوجوان نسل کھیل، تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لے کر نہ صرف اپنی صلاحیتیں نکھار سکتی ہے بلکہ معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو بھی فروغ دے سکتی ہے۔ آج کا دن تجدیدِ عہد کا موقع ہے کہ ہم پاکستان کے دفاع، امن و استحکام اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ شرکا نے قومی پرچم بلند کر کے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔