اسلام آباد ٹریفک پولیس کا چہلم کے جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کا مثالی انتظام

ْ خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ، شہریوں سے تعاون اور متبادل راستوں کے استعمال کی اپیل

جمعرات 14 اگست 2025 19:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس (ئی جی پی)اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے چہلم کے جلوس کے دوران ٹریفک کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق چہلم کا جلوس جی سکس کی مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا وہیں اختتام پذیر ہوا۔

(جاری ہے)

جلوس کے دوران دونوں اطراف کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں جبکہ شہریوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر)سید ذیشان حیدر نے عوام سے اپیل کی کہ جلوس کے روٹ کے اردگرد غیر قانونی پارکنگ سے گریز کریں اور گاڑیاں صرف مخصوص پارکنگ ایریاز میں کھڑی کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا مربوط نظام برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار فیلڈ میں موجود رہ کر شہریوں کی متبادل راستوں کی جانب رہنمائی کر رہے ہیں، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ ان راستوں کا استعمال کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچیں۔